27 دسمبر ، 2024
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 13 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کا ایک میجر شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 دسمبر 2024 کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ کارروائیاں کیں گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پرسکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 خوارج ہلاک ہو گئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان میں بھی انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک اور 8 کو زخمی کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے دوران 31 سالہ میجر محمد اویس (ضلع نارووال کے رہائشی)، جو اپنی ٹیم کی قیادت کررہے تھے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تیسری جھڑپ جنوبی وزیرستان میں ہوئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو ہلاک اور 8 کو زخمی کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسزکو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔