16 جولائی ، 2024
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے ویمنز کھلاڑیوں کو ملنے والی سہولتوں پر سوالات اٹھا دیے اور ان کے مطالبات کے حق میں بول پڑے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ویمنز کرکٹ پر کام ہی نہیں ہوا،ویمنز کھلاڑیوں سے سب اسی طرح کے نتائج چاہتے ہیں جیسے پاکستان مینز ٹیم سے امید لگاتے ہیں تو پھر ویمنز ٹیم پر انویسٹ بھی ایسا ہی کیا جانا چاہیے۔
انہو ں نے کہا کہ ویمنز کرکٹ کو مینز کرکٹ کی برابری پر لانا ہوگا،چاہے وہ معاوضے کی صورت میں ہو یا سہولتوں کی شکل میں ہوں۔ ویمنز کرکٹرز کو پاکستان کی مینز ٹیم جیسی سہولتیں نہیں ملتیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ویمنز کرکٹ کو اوپر لیکر جانا ہے تو ویمنز کرکٹ کا ڈومیسٹک اسٹرکچر مضبوط بنانا ہوگا،ڈومیسٹک سطح پر نمبر آف میچز بڑھانے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویمنز کرکٹ کو پورے سال بہت کم میچز ملتے ہیں، کم از کم ڈومیسٹک میچز کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا، وہاں میچز ہوں گے تو پریشر ہنڈلنگ ،میچ فنیش کرنے جیسی خامیوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم آج کولمبو روانہ ہوگی جہاں وہ ویمنز ایشیا کپ میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ٹیم کا پہلا میچ 19 جولائی کو بھارتی ویمنز ٹیم سے ہے۔