12 فروری ، 2013
کراچی…کراچی میں منگھوپیر کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک کروڑ روپے مالیت کی دالوں سے لدے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا،مقابلے کے دوران 5 ملزمان فرار بھی ہوگئے۔ منگھو پیر کے علاقے میں ناردرن بائی پاس پرملزمان دالوں سے بھرا ٹریلر اسلحے کے زور پر چھین کر فرار ہوئے تھے، چھینے گئے ٹریلر کے کلینر نے چھت سے کود کر مالک اور پولیس کو اطلاع دی،جس کے بعد قریبی ناکے پر پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا اورمقابلے کے دوران تین ملزمان پولیس کی فائرنگ سے مارے گئے،جبکہ پانچ ملزمان جھاڑیوں میں فرار ہوگئے۔ مرنے والے ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول بھی برآمد کرلی گئی ہیں، ڈاکووں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ منگھوپیر کے علاقے میں ایک کروڑ روپے کی مالیت سے لدے ہوئے ٹرالر کو لوٹنے والے تین ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے، جاوید عالم نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہ کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن پولیس کے جوان جرائم پیشہ ملزمان کا مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں، شہر میں فرقہ وارانہ قتل کا سلسلہ جاری ہے جسے روکنے کے لیے پولیس کوشش کررہی ہے، قیام امن کے لیے ٹارگٹ کلرز کی گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا تھا کہ منگھوپیر اور ویسٹ زون کے مختلف تھانوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کو درپیش خطرات کے حوالے سے بھی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔