12 فروری ، 2013
نوابشاہ… چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ کرپٹ لوگوں کو بھرتی کرنے سے اچھا ہے کہ عدالتیں خالی ہی رہیں، عدالتوں میں تقرریاں صرف اور صرف میرٹ پر کی جارہی ہیں،حکومت نے ہونہار ججوں کی تقرری میں روکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں کی ہیں۔ نواب شاہ میں وکلاء کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ جسٹس مشیر عالم کا کہناتھا کہ ججوں کی تعداد انتہائی کم ہے لیکن عدالتوں میں تقرریاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔ جسٹس مشیر عالم کاکہناتھا کہ سندھ میں کہیں کہیں سے کرپشن کی شکایتیں ملی ہیں لیکن یہ وہی لوگ ہیں جو سفارشوں پرآئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم حکومت کی بات سن لیں تو عدالتوں میں ججوں اور اسٹاف کی کمی پورا کرنا کوئی بڑی بات نہیں، عدالتوں میں میرٹ پر تقرریاں کی جارہی ہیں، اگر حکومت کی بات مان لیں تو ججوں کی تقرری کوئی مسئلہ نہیں، حکومت ہونہار ججوں کی تقریوں میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔