12 فروری ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہاہے کہ علامہ طاہرالقادری کا نہ طریقہ درست ہے اور نہ نیت درست۔ان کے مطالبات غیرآئینی ہیں،ملکہ کی وفاداری کی قسم کھانے والوں کا وعظ سننے والوں پر حیرت ہوتی ہے۔لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بڑے دکھ کی بات ہے ایک دم کسی کو ملک کا درد جاگ اٹھا،ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہماری باتوں کا جواب نہیں دیا،اب عدالت کو جواب دینا پڑے گا، آج سپریم کورٹ جو کچھ پوچھ رہی ہے وہی ہم پوچھ رہے تھے، ان کاکہناتھا کہ طاہرالقادری کا ایجنڈا انتخابات کو سبوتاژکرنے کے مترادف ہے، صدر زرداری کی طرف سے عباس شریف کے انتقال پرتعزیت کیلئے ملاقات کے سوال پرنوازشریف نے کہاکہ جب ان کے بھائی کا انتقال ہوا،صدر زرداری نے 10 دن بعد فون پر تعزیت کی تھی، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔انہوں نے کہاکہ فوری طورپرنگراں حکومت بننی چاہیے، ملک میں جمہوریت جڑیں پکڑ رہی ہے،چودھری نثارسے کہاہے کہ حکومت کی ساتھ بیٹھ کرنگراں حکومت کا معاملہ طے کریں۔ نوازشریف نے کہاکہ نگراں حکومت کیلئے ہم نے نام فائنل کرلیا ہے، اگرحکومت کوئی اچھا نام دے تو ہم راضی ہوسکتے ہیں۔ نوازشریف کاکہنا تھاکہ اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں ضرور شرکت کریں گے۔