13 فروری ، 2013
لندن…وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے کہاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی طبعیت خراب ہونے کے سبب وہ ملاقات نہ کرسکے تاہم کوشش کرینگے کہ ٹیلیفون ہی پربات ہوجائے۔ لندن میں جیونیوز کے نمائندے مرتضی علی شاہ اور آصف ڈار کو انٹرویو میں وزیراعظم نے بتایا کہ وہ دو برس پرانے سوٹ ہی میں برطانوی وزیراعظم سے مل آئے ہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے برطانوی ہم منصب سے ملاقات کے بعدجیونیوزکو دیے گئے خصوصی انٹرویومیں کہاکہ برطانیہ پہنچتے ہی انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی مگربعض وجوہات کے سبب ایسانہ ہوسکا۔ سابق وزیراعظم بینظیربھٹوکے قاتلوں کیخلاف تاحال کارروائی مکمل نہ ہونے اور سازش کے حقائق سامنے نہ آنے کے الزامات پرردعمل میں وزیراعظم نے دعوی کیا کہ دنیا حقائق سے باخبرہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کودرپیش اضافی کالنگ کارڈکے چارجزپروزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نہیں اضافی قیمت ان ممالک کی کمپنیاں وصول کررہی ہیں اورانہی کو موردالزام ٹہرانا چاہیے۔لندن میں اپنی مہنگی جائیدادسے متعلق ایک الزام پر وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے توبرطانوی وزیراعظم تک سے ملاقات پرانے کپڑوں میں کی ہے۔