03 اگست ، 2024
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے کامیاب مذاکرات کے بعد ہونے والے تحریری معاہدے کے تحت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے گرفتار 77 کارکنوں کو رہا کردیا۔
گوادر میں گزشتہ رات بلوچ یکجہتی کمیٹی اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کو تحریری شکل دیکر دستخط کیے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمان نے بتایا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد تحریری معاہدے کے مطابق ان کے 77 گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے رکاوٹیں ہٹاکر اہم شاہراہیں کھولنے کا عمل جاری ہے جب کہ گوادر میں مواصلاتی نظام بحال کرنے کے لیے احکامات جاری کردیے گئے ہيں۔
واضح رہے کہ گوادر سمیت صوبے بھر میں مختلف مقامات پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنوں کے باعث قومی شاہراہ سمیت مختلف سڑکیں بند تھیں جس سے کراچی، خضدار، حب، قلات، سوراب، تربت، پنجگور اور گوادر جانے والی ٹریفک متاثر تھی۔