14 فروری ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں قائم رابعہ سٹی اپارٹمنٹس میں رینجرز نے آپریشن کے دوران سیاسی تنظیم کے سابق عہدیدار کو گرفتارکرلیا، گرفتاری کے بعد شرپسندوں نے11 گاڑیاں، بچت بازار کے شامیانے اورکئی پتھاروں کو آگ لگادی،جس کے بعد رینجرز اور پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق گلستان جوہر میں واقع رابعہ سٹی اپارٹمنٹس میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا،جس کے دوران سیاسی جماعت سے وابستہ اور سابقہ عہدیدار طارق ترین کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتاری کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں شدید ہوائی فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی، شرپسندوں نے پانچ گاڑیاں، پانچ موٹرسائیکلیں،ایک رکشہ،بچت بازار کے شامیانے اور کئی پتھارے جلادیئے، پتھراوٴ سے کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ پہلوان گوٹھ چورنگی کے قریب بھی سڑک پر ٹائر جلائے گئے۔ رات گئے پولیس اور رینجرز دوبارہ سے متحرک ہوئے اور انھوں نے رابعہ سٹی کے اطراف محاصرہ کرکے دوبارہ آپریشن کیا، جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا، آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی بکتر بند گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار دستے نے بھی حصہ لیا، اس دوران علاقے میں مکمل اندھیرا دیکھنے میں آیا۔ آپریشن ختم ہونے کے بعد پکڑے گئے بعض افراد کو رینجرز اور پولیس اہلکار تفتیش کے لئے لے گئے، جبکہ زیر حراست 6 افراد کو پوچھ گچھ کے لئے تھانہ شارع فیصل بھی منتقل کیا گیا ہے۔