پاکستان
14 فروری ، 2013

سپریم کورٹ کانادرا کوتمام اہل پاکستانیوں کونائیکوپ جاری کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کانادرا کوتمام اہل پاکستانیوں کونائیکوپ جاری کرنے کا حکم

اسلام آباد…چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم تمام پاکستانی ووٹ دینے کے اہل ہیں، اُنہیں جلد از جلد رجسٹرڈ کیا جائے ،ڈپلومیٹک مشنز میں پولنگ اسٹیشنز بنا کر ووٹ کا حق دیا جا سکتا ہے، نادرا تمام اہل پاکستانیوں کو نائیکوپ جاری کرے۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ نادرا اوروزارت اوورسیز الیکشن کمیشن سے تعاون کریں۔، الیکشن کمیشن تمام اوورسیز پاکستانی رجسٹرڈ ووٹرز کو پیشگی اطلاع کرے تاکہ وہ ووٹ ڈال سکیں ، وزارت اوورسیز ، وزارت قانون اور الیکشن کمیشن حکام مشترکہ اجلاس بلائیں، جس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار پر غور کیا جائے ، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک تمام ڈپلومیٹک مشنز اور قونصل خانوں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جا سکتے ہیں، متعلقہ حلقوں کے بیلٹ پیپر ای میل پر بھجوائے اورووٹ سربمہر لفافے میں حلقہ نمبر درج کر کے واپس الیکشن کمیشن کو بجھوائے جا سکتے ہیں، ای ووٹنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے جس کے لیے کسی قانون سازی کی بھی ضرورت نہیں، کوئی اور متبادل طریقہ کار بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے لیے قانون سازی کی ضرورت نہیں ہو، سیکرٹری وزارت اوورسیزنے عدالت کو بتایا کہ وزارت اوورسیز نے پہلے ہی اس معاملے پر قانون سازی کی سفارش کر رکھی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے ان کو اعتماد ہو گا کہ ان کا حق تسلیم کیا گیا، اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ انہیں چیف الیکشن کمشنر سمیت تمام متعلقہ فریقین سے ملاقاتوں کے لیے وقت دیا جائے ، مزید سماعت 22 فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔

مزید خبریں :