Time 16 اگست ، 2024
پاکستان

9 مئی کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں کے فیض حمید پر سنگین الزامات

سابق وزیراعظم عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کی وجہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے 9 مئی واقعات  میں ملوث ہونے کو قرار دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ کے میزبان شہزاد اقبال نے بتایاکہ 9 مئی کے بعد گرفتاری اور پھر پارٹی چھوڑنے پر رہائی ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جو عمران خان کے قریب سمجھے جاتے تھےان سے پارٹی چھوڑنے کا پوچھا۔ جواب میں ان کا کہنا تھاکہ حراست کے دوران ہمیں ثبوت دکھائے گئے 9 مئی فوج میں بغاوت کی کوشش کی تھی جس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض اور ان کے لوگ ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ دوران حراست بتایا گیا جناح ہاؤس اور دیگر جگہوں پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ پہلے فیض حمید کے لوگوں نے شروع کیا پھر پاکستان تحریک انصاف کے لوگ اور ہجوم اس میں شامل ہوگیا۔

شہزاد اقبال نے ان سے پوچھا ان باتوں پر یقین کرتے ہیں؟ تو ان کا کہنا تھاکہ مجھے یہ بتایا گیا تھا اور پارٹی چھوڑنے کی یہ اہم وجہ ہے۔

اینکر شہزاد اقبال کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے 2 رہنماؤں نے فیض حمید کے 9 مئی میں ملوث ہونے کو پارٹی چھوڑنے کی وجہ قرار دیا لیکن پی ٹی آئی کا یہ دعویٰ ہے کہ بعض رہنماؤں کو ان کی کرپشن کی فائلز دکھا کر ان سے پارٹی چھڑوائی گئی اور پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔

پروگرام میں ان سابق رہنماؤں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاک فوج نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو تحویل میں لیا تھا۔ گزشتہ روز بھی کہا گیا  لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں 3 ریٹائرڈ افسران بھی فوجی تحویل میں ہیں۔

مزید خبریں :