Time 21 اگست ، 2024
پاکستان

محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں دستانوں کی مد میں کروڑوں روپے کی مبینہ خردبرد

محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں دستانوں کی مد میں کروڑوں روپے کی مبینہ خردبرد
دستانے ڈی ایچ اوز کے اسٹورز میں موجود نہیں، باجوڑ اور شمالی وزیرستان کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ دستانے خریدے گئے: دستاویزات/ فائل فوٹو

پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں دستانوں کی مد میں کروڑوں روپے کی مبینہ خردبرد سامنے آئی ہے۔

محکمہ صحت کی دستاویزات کے مطابق ریکارڈ میں ظاہر کیے گئے دستانے ڈی ایچ اوز کے اسٹورز میں موجود نہیں، باجوڑ اور شمالی وزیرستان  کیلئے 2 کروڑ 80 لاکھ دستانے خریدے گئے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ دستانے فروری اور مارچ میں خریدے گئے جب کہ مجموعی لاگت 63 کروڑ 83 لاکھ روپے ہے، ہیلتھ آفس کیلئے 13 کروڑ 56 لاکھ روپے کے 60 لاکھ دستانے خریدے گئے جب کہ دستانوں کی خریداری کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے ادائیگیاں کیں۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈی ایچ او  کے اسٹور کیپر نے دستانوں سے متعلق واضح طور پر لاعملی کا اظہار کیا، اسٹورکیپرکے مطابق دستانوں کا کوئی اسٹاک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو موصول نہیں ہوا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس باجوڑ کیلئے 6 کروڑ 78 لاکھ روپے کے دستانے خریدے گئے۔

دستاویز ات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس باجوڑ کے 30 لاکھ دستانے بھی غائب ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس شمالی وزیرستان کیلئے 43 کروڑ 48 لاکھ روپے کے دستانے خریدے گئے، اس کے علاوہ  ڈی ایچ او شمالی وزیرستان کیلئے خریدے گئے ایک کروڑ 90 لاکھ دستانے بھی غائب ہیں۔

اسی حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت خیبرپختونخوا قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ دستانوں کے اسکینڈل میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جائے گی، نگران حکومت میں جو کرپشن ہوئی ہے، سب سامنے لا رہے ہیں، نگران حکومت میں اور بھی بہت کچھ ہوا، عوام کو بتائیں گے۔

مزید خبریں :