15 فروری ، 2013
اسلام آباد…مشیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ گیس فراہمی کے منصوبوں کے لیے 7 ارب روپے کا قرض لیا جائے گا۔ انجینئرمحمد طارق خٹک کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کے اجلاس میں اراکین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ ان کے حلقوں میں سوئی گیس کی اسکیموں کے لیے فنڈز کیوں نہیں مل رہے۔اس پر مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ فنڈز نہیں ہیں ،ان سکیموں کی تکمیل کے لیے 7ارب روپے قرضہ حاصل کرنیکی کوشش کر رہے ہیں ،وزیر اعظم سے بھی ملوں گا۔ اجلاس کے دوران مشیر پٹرولیم نے کہا کہ اوگرا ان کی پالیسی گائیڈ لائن نہیں مانتی، اوگرا نیپکڑی گئی گیس چوری بھی گیس کمپنیوں کے کھاتے میں ڈال دی اس طرح تو گیس کمپنیاں نہیں چل سکیں گی۔ڈاکٹر عاصم نے چیئرمین اوگرا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ ان کی نا اہلی ہے کہ گیس چوری کرنے والے سی این جی اسٹیشنوں کی تفصیل ملنے پربھی ان کے لائسنس منسوخ نہیں کیے۔ یہ سننا تھا کہ چیئرمین اوگرا نے کمیٹی کے چیئرمین سے کہا کہ وہ ڈاکٹر عاصم سے کہہ دیں کہ مناسب زبان استعمال کریں،35سال سرکاری نوکری کی ،میرا ایک نام ہے۔ مشیر پٹرولیم نے جب حالات بگڑتے دیکھے تو فوری کہہ دیا کہ وہ تو چیئرمین اوگرا کو اپنا دوست سمجھتے ہیں ، ان کی ذات پر تنقید نہیں کی، اوگرا سے متعلق بات کی ہے۔