24 اگست ، 2024
لنڈی کوتل بازارکے ایک بوسیدہ مکان میں قائم خیبر کیوکیشن کراٹے سینٹر سے اب تک 20 ہزار سے زائد کھلاڑی تربیت لے چکے ہیں جس میں متعدد کھلاڑیوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کانام روشن کردیا ہے۔
توپ و تفنگ کے گھن گرج میں مثبت اور صحت افزاء ماحول فراہم کرنے والا یہ خیبر کیوکیشن سینٹر ہے۔
اپنی مدد آپ کے تحت 1990 میں قائم اس سینٹر سے 20 ہزار سے زائد کھلاڑی تربیت حاصل کرچکے ہیں، سینٹرکا نئی نسل کو منشیات سے روکنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرنے میں کلیدی کردار ہے۔
خیبر کیوکیشن سینٹر سے تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں حیات نذیر بھی شامل ہیں جنہوں نے 1994 میں آل پاکستان کیوکیشن کراٹے ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا، وہ کئی سالوں سے جاپان کی طرف سے پاکستان برانچ چیف کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
خیبر کیوکیشن کراٹے سینٹر کے بانی کھلاڑی حیات نذیر شنواری نے جیو نیوز کو بتایا کہ خیبر کیوکیشن کراٹے سینٹر پورے قبائلی اضلاع میں اپنی نوعیت کی پہلی تربیت گاہ تھی اور اس سینٹر کی کامیابی اور اس کے مقاصد کے حصول میں طویل جدوجہد کارفرما ہے۔
خیبر کیوکیشن کراٹے سینٹر کے کھلاڑی شکوہ کناں ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر انہیں تسلیم کیاگیاہے تاہم پاکستانی حکومت کی طرف سے کسی قسم کی پذیرائی نہیں ملی ہے۔