15 فروری ، 2013
پشاور … الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے ایم پی اے جاوید ترکئی کے خلاف دوہری شہریت کے معاملے پر فوجداری کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے خلاف کیس سیشن جج کو بھجوادیا ہے۔ جسٹس (ر) ریاض کیانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 3رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا کے آزاد ایم پی اے جاوید ترکئی کے کیس کی سماعت کی ۔ جاوید ترکئی نے الیکشن کمیشن کے استفسار کے باوجود دوہری شہریت رکھنے کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیا، اس پر انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ حلف نامہ جمع کرائیں یا مستعفی ہوجائیں۔ جاوید ترکئی نے موٴقف اختیار کیا کہ ان سے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت کیوں نہیں پوچھا گیا لہٰذا انہیں مزید غور کیلئے وقت دیا جائے ۔ بعد میں جاوید ترکئی کے خلاف کارروائی کیلئے کیس متعلقہ سیشن جج کو بھجوا دیا گیا۔