15 فروری ، 2013
کراچی … سندھ اسمبلی میں 5 سال کے دوران پہلی مرتبہ اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کو کورم پورا نہ ہونے کی مشکل میں ڈال دیا، کورم پورا نہ ہونے پر وزیرقانون کو ایک حکومتی بل موٴخر کرنا پڑا بعد میں جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز کا بل ایوان میں مختصر ارکان کی موجودگی میں منظور کرلیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی صدارت میں اجلاش شروع ہوا تو متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان غیر حاضر تھے۔ محکمہ اوقاف اور محکمہ جنگلی حیات کا وقفہ سوالات ایم کیو ایم اور اپوزیشن کے ارکان کی عد م موجودگی کے باعث چند لمحوں میں ختم ہوگیا۔ وزیر قانون نے سندھ آرمز بل 2013ء ایک بار پھر بدھ تک موٴخر کرادیا۔ وزیر قانون نے سندھ پبلک پروکیورمنٹ ترمیمی بل ایوان میں تعارف اور غور کیلئے پیش کیا تو مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی اور عارف مصطفی جتوئی نے کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی، جس پر وزیرقانون ایاز سومرو نے بل پر غور جمعرات تک موٴخر کردیا۔ بعد میں صوبائی وزیر شرجیل میمن ایوان سے باہر جاکر کئی ممبران کو ڈھونڈ لائے۔ کورم پورا ہونے پر جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا بل ایوان میں موجود مختصر ارکان نے اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ اسپیکر نے اجلاس 20 فروری تک ملتوی کردیا۔