15 فروری ، 2013
کراچی … سندھ اور پنجاب میں بارش سے سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے، شمالی بلوچستان، مالاکنڈ اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاڑکانہ میں بارش شروع ہوتے ہی سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جسے لوگوں نے خود ہی صاف کرنے کی کوشش کی۔ پنجاب کے بھی مختلف شہروں میں برسات لوٹ آئی ہے، فیصل آبادمیں بارش سے موسم پھر سرد ہوگیا اور شہریوں نے دوبارہ گرم کپڑوں کا استعمال شروع کردیا۔مری میں وقفے وقفے سے تیز برفباری جاری ہے، مری کی سیر پر آنے والے سیاح خوشی سے سرشار اور موسم کا خوب مزا لے رہے ہیں۔ مالاکنڈ کے بالائی علاقوں مالم جبہ ،کالام اور چترال میں ہلکی برفباری جاری ہے۔ وادی سوات اور ملحقہ علاقوں میں گزشتہ روز سے بارش سے موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے غذر، استور، دیامر اور ہنزہ نگر کے پہاڑوں پر رات سے ہی برفباری جاری ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ بلوچستان کے علاقوں حب، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جبکہ زیارت، کان مہتر زئی، ٹوبہ اچکزئی اور کوژک ٹاپ پر رات سے وقفے وقفے سے برفباری ہورہی ہے۔