05 اکتوبر ، 2024
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہےکہ جے شنکر کے حوالے سے میڈیا میں ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ٹی وی اینکر نے جے شنکر کے آنے کی بات کی تو انہوں نے یہ کہا تھا کہ جے شنکر کو دعوت دیتا ہوں تاکہ وہ پی ٹی آئی کا پرامن احتجاج دیکھ لیں، ان کا بیان آدھا پیش کیا جا رہا ہے، جو صحافتی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کی پوری ویڈیو چلائی جائے۔
بیرسٹر سیف نے مزیدکہا کہ حکومت پی ٹی آئی احتجاج کو شنگھائی تعاون اجلاس سے غلط جوڑ رہی ہے۔ وہ شنگھائی تعاون اجلاس میں آنے والے معززین کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز ترجمان خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نےکہا تھا کہ ہم جے شنکر کو دعوت دیں گے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں اور ہمارے لوگوں سے خطاب کریں، دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط جمہوریت ہے جہاں پر ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے۔
جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ کے پی ڈی چوک پہنچیں گے اور محسن نقوی کو چائے پلائیں گے، ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔
انہوں نے کہا تھا کہ وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے؟ پر امن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے، ہم ملک کی بہتری کے لیے آرہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ ’ایک بات آپ کو بتاؤں یہ جتنے ممالک آ رہے ہیں ان کے وفود ہمارے احتجاج دیکھ کر خوش ہوں گے، پاکستان کی جمہوری اقدار کی مضبوطی کی تعریف کریں گے، یہاں پر احتجاج کرنے کا حق ہے آئین کے مطابق بڑی سیاسی پارٹی کو احتجاج کی اجازت ہے‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم جے شنکر کو دعوت دیں گے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں اور ہمارے لوگوں سے خطاب کریں، دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط جمہوریت ہے جہاں پر ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے‘۔
خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔