07 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا موازنہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ امریکی انتخابات میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر کے دوسری منتخب ہو گئے ہیں، اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق انہوں نے 295 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کی مدمقابل ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس 226 الیکٹورل ووٹ لے سکیں۔
امریکی انتخابات میں سینیٹ میں بھی ری پبلکنز نے اکثریت حاصل کر لی اور کانگریس کے ایوان بالا میں ری پبلکنز کی تعداد 51 ہو گئی ہے۔
امریکی انتخابات میں کامیابی کے بعد جہاں صدر، وزیراعظم اور چیئرمین پیپلز پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی وہیں اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔
گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ رہتا تھا اور ایک اچھا تعلق تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری نے بھی دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان سے متعلق نرم گوشہ رکھتے ہیں اور میں عمران خان کی رہائی کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور داماد سے بات کروں گا۔
ایسے میں عمران خان کا ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں نواز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کا آپس میں موازنہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں عمران خان کہہ رہے کہ نواز شریف کو پاکستان کا ٹرمپ کہہ سکتے ہیں، تھوڑا بہت کہہ سکتے ہیں، نواز شریف ایسی حرکتیں کرتا ہے بزنس کر رہا ہے، وہ (ٹرمپ) بھی اپنا بزنس کر رہا ہے اور اپنے رشتہ داروں کو اوپر لے آیا ہے، امریکا میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک آدمی اپنے رشتہ داروں کو اوپر لیکر آ رہا ہے، تو یہ نواز شریف اور شریف خاندان کا بھی ہے، نواز شریف کا تو ڈونلڈ ٹرمپ سے موازنہ کر سکتے ہیں۔