08 نومبر ، 2024
صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی شکست کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں مختصر خطاب میں کہا کہ جمہوریت میں عوامی رائے کو تسلیم کیا جاتا ہے، 20 جنوری کو اقتدار کی منتقلی پرامن طریقے سے کریں گے۔
کملا ہیرس کی شکست تسلیم کرتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ کملا ہیرس نے بہترین مہم چلائی، امریکا کا انتخابی نظام شفاف ترین ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہمیشہ عوام کی رائےچلتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو فون پر مبارکباد دی ہے اور یقین دلایا ہے کہ انتظامیہ ان کی ٹیم کےساتھ کام کرےگی۔
اپنے مختصر خطاب میں جو بائیڈن نے مزید کہا کہ ہم نے تاریخی صدارت کی، مضبوط معیشت چھوڑ کر جارہے ہیں، ہماری قانون سازی سے امریکی عوام کو اگلے دس سال میں فائدہ ملنا شروع ہوگا۔
صدر بائیڈن نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے پہلے مزید قانون سازی کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے پاس 74 دن ابھی باقی ہیں اور ہر دن اہمیت رکھتا ہے۔