Time 10 نومبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

'ہاردک اور میں اب بھی فیملی ہیں'، نتاشا نے ہمیشہ کیلئے بھارت چھوڑنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ہاردک اور میں اب بھی فیملی ہیں، نتاشا نے ہمیشہ کیلئے بھارت چھوڑنے کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
ایک انٹرویو میں نتاشا اسٹینکوویچ نے اپنے متعلق افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ وہ اور سابق شوہر ہاردک اب بھی ایک فیملی ہیں__فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی سابقہ اہلیہ اور ماڈل نتاشا اسٹینکوویچ نے ہمیشہ کے لیے بھارت چھوڑ دینے کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں نتاشا اسٹینکوویچ نے اپنے متعلق افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ وہ اور سابق شوہر ہاردک اب بھی ایک فیملی ہیں۔

نتاشا نے کہا میں بھارت کیسے چھوڑ سکتی ہوں اور کیوں چھوڑوں گی؟ ہمارا بیٹا آگستیا ممبئی میں اسکول پڑھتا ہے اور ہم اپنے بیٹے کی وجہ سے اب بھی ایک فیملی ہیں۔

کرکٹر کی سابقہ اہلیہ نے سربیا کے حالیہ دورے سے متعلق بتایا کہ وہاں میرا گھر ہے، وہاں جانا کوئی انوکھی بات نہیں، دس سالوں سے میں ہر سال سربیا جاتی ہوں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے بھارت چھوڑ دیا۔

واضح رہے کہ رواں سال 18 جولائی کو ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکوویچ نے انسٹاگرام پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔

انسٹاگرام پوسٹ میں ان دونوں کا کہنا تھا کہ چار سال ساتھ رہنے کے بعد ان دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں نے مل کر اپنے رشتے کو نبھانے کی پوری کوشش کی، یقین ہے کہ علیحدگی کا فیصلہ دونوں کے بہترین مفاد میں ہے۔

مزید خبریں :