13 دسمبر ، 2024
امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اسکیٹ بورڈ پر سفر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والے چاڈ کاروسو نے 57 دن 6 گھنٹے 56 منٹ تک امریکا بھر میں 3162 میل کا فاصلہ اسکیٹ بورڈ پر طے کیا۔
ان کے اسکیٹ بورڈ کے اس سفر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔
چاڈ کاروسو اس سفر پر اسکیٹ بورڈ، ایک چھوٹے بیک پیک اور ایک لباس کے ساتھ کیلیفورنیا کے علاقے وینس بیچ سے روانہ ہوئے۔
ان کا یہ سفر ورجینیا بیچ پر بحر اوقیانوس کے ساحل پر جاکر ختم ہوا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق چاڈ کاروسو نے امریکا کا سفر اسکیٹ بورڈ پر سب سے زیادہ تیزی سے طے کرنے میں کامیابی (کسی مرد کا سفر) حاصل کی اور نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
چاڈ کاروسو نے بتایا کہ 'جب میں ورجینیا بیچ پہنچا تو سیکڑوں افراد، پولیس اہلکاروں اور مقامی اسکیٹرز نے میرا خیرمقدم کیا'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں اس موقع پر اپنی نوجوانی کے بارے میں سوچ رہا تھا جب میں نے اسکیٹنگ کے لیے اسکول چھوڑ دیا اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنے شوق کو جاری رکھا'۔
25 سال سے اسکیٹنگ کرنے والے چاڈ کاروسو نے یہ ریکارڈ منشیات کے استعمال کی روک تھام اور ذہنی صحت کے مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے قائم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکیٹ بورڈنگ سے انہیں 9 سال قبل الکحل کی لت سے جان چھڑانے میں مدد ملی۔
انہیں توقع ہے کہ ان کی کہانی دیگر افراد کو متاثر کرے گی اور وہ بھی ایسا ہی کریں گے۔
انہوں نے اپنی منزل پر پہنچ کر اسکیٹ بورڈ کو سمندر میں پھینک دیا تھا جبکہ ورجینیا بیچ کے میئر نے اعلان کیا کہ 19 مئی چاڈ کاروسو ڈے ہوگا۔