Time 14 دسمبر ، 2024
پاکستان

انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج سے گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کردیا

انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک احتجاج سے گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کردیا
پولیس نے ان ملزمان کو دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ریمارکس۔ فوٹو فائل 

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔

ڈی چوک احتجاج میں گرفتار 32 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے رات گئے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

رات دیر گئے ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جہلم جیل سے پیش کرنے پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے برہمی کا اظہار کیا۔ ملزمان کی جانب سے ان کے وکیل انصر کیانی رات پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا ملزمان کو 25 نومبر کو گرفتار کیا گیا لیکن شناخت پریڈ نہ ہو سکی، ملزمان کے 30، 30 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔

وکیل صفائی انصر کیانی کا کہنا تھا پولیس نے نمبر پورے کرنے کیلئے مزدوروں کو گھروں سے گرفتار کیا۔

عدالت نے کمرہ عدالت میں 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر انہیں کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا۔

خیال رہے کہ پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار 32 ملزمان کی تھانہ آئی نائن اور تھانہ مارگلہ کے کیسز میں ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی تھی۔

مزید خبریں :