18 دسمبر ، 2024
تہران: ایران میں خواتین کو ہراساں کرنے اور ان پر حملے کرنے والے شخص کو سزائے موت دے دی گئی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دارالحکومت تہران میں 59 خواتین کو نوک دار آلے سے زخمی کرنے والے راستگوئی کندلاج کو ‘زمین پر فساد پھیلانے‘ کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق متعدد خواتین کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ملزم کی جانب سے ان پر حملہ کیا گیا۔
ایرانی عدلیہ کی نیوز ویب سائٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خواتین پر حملہ کرنے اور تہران میں دہشت پھیلانے والے راستگوئی کندلاج کی سزائے موت پر عمل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں قتل، منشیات کی اسمگلنگ اور جنسی جرائم جیسے سنگین جرائم پر سزائے موت دی جاتی ہے۔