06 جنوری ، 2025
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کو نوٹس جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس پر حمزہ شہباز کے نظرثانی کیس میں پرویز الٰہی کو نوٹس جاری کیا۔
دوران سماعت جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ کیا یہ کیس غیر مؤثر تو نہیں ہوگیا؟ اس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ کیس غیر مؤثر نہیں ہوا، آئینی بینچ نے گزشتہ سماعت پرفریقین کو نوٹسز بھی کیے تھے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ پرویز الٰہی کی طرف سے کون پیش ہوگا؟ وہ بھی کیس میں فریق ہیں۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ (ق) کے ووٹ نہ گننے کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تھا اور حمزہ شہباز کی جگہ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد حمزہ شہباز نے فیصلہ نظر ثانی میں چیلنج کیا تھا۔