06 جنوری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بیک ڈور مذاکرات کی تردید کردی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بالکل شامل نہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے بنائی ہے وہی مذاکرات کررہی ہے، ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں اور نہ ہی بیک ڈور کوئی مذاکرات ہورہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے سوال پر جواب دیا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ضروری ملاقات کرنی ہے، امید ہے کل ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے گی۔