Time 06 فروری ، 2025
پاکستان

کوئی مائی کا لال غزہ پر قبضہ نہیں کرسکتا، فضل الرحمان کا امریکی صدر کے اعلان پر ردعمل

کوئی مائی کا لال غزہ پر قبضہ نہیں کرسکتا، فضل الرحمان کا امریکی صدر کے اعلان پر ردعمل
ٹرمپ کوبتانا چاہتا ہوں تم نے افغانستان پر بھی قبضہ کرنا چاہا، 20سال وہاں خون بہایا لیکن وہاں شکست کا سامنا کیا: سربراہ جے یو آئی۔ فوٹو فائل

سربراہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر طویل عرصے تک قبضے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اس فارمولے کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کی غزہ پر ہرزہ سرائی پر امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے، واضح پیغام دیتا ہوں کہ کوئی مائی کا لال غزہ پر قبضہ نہیں کر سکتا، ٹرمپ کے اس بیان کو مسترد کرنے پر عرب لیگ کے مؤقف کو سراہتا ہوں۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا حکومت پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ اپنے تئیں فلسطین کے بارے میں ابہام کو دور کرے، حکومت ٹرمپ بیان پر واضح مؤقف لا کر قوم کے ضمیر کی ترجمانی کرے، اس ابہام کے ساتھ یہ حکمران کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا یہ ایک حساس معاملہ ہے اور پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، فلسطین پر فلسطینیوں کا حق ہے، فلسطینیوں کی جدوجہد اپنی آزادی کی جنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا اسرائیل ایک صیہونی قبضے کا نام ہے، آج تک فلسطین نے اسے تسلیم نہیں کیا، پوری امت مسلمہ فلسطینیوں کے شانہ بشانہ ہے، ٹرمپ کوبتانا چاہتا ہوں تم نے افغانستان پر بھی قبضہ کرنا چاہا، 20سال وہاں خون بہایا، افغانستان میں انسانی حقوق پامال کیے، جنگ مسلط کی لیکن وہاں شکست کا سامنا کیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غزہ پر طویل مدت کے لیے قبضے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ہم غزہ کی تعمیر نو کریں گے اور وہاں ہزاروں نوکریاں پیدا کریں گے جس کے لیے غزہ کے شہریوں کو مصر اور اردن میں بسائیں گے۔

مزید خبریں :