04 مارچ ، 2013
حیدر آباد…ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد اور کراچی میں نئی حلقہ بندیاں نہ کرنے کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔کراچی سے اتوار کے روز راولپنڈی کے لیے روانہ ہونے والا متحدہ اپوزیشن کا ٹرین مارچ حیدرآباد اور سکھرسے ہوتاہوا ملتان کی جانب رواں دواں ہے۔ حیدرآباد پہنچنے پر جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، قومی عوامی تحریک، سندھ ترقی پسند پارٹی سمیت مختلف جماعتوں کے کارکنان نے ٹرین مارچ کا استقبال کیا اورشرکا پر پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے کیا جارہا ہے، بوگس ووٹوں کے اخراج کے بغیر انتخابی عمل شفاف نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہاکہ اس وقت ملک دہشت گردی، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کا شکار ہے اور حکومت ان مسائل سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔