04 مارچ ، 2013
اسلام آباد…غنوی بھٹو کے بعد ناہید خان پاکستان پیپلز پارٹی کی ایک اور دعویدار کے طور پر سامنے آگئی ہیں ،انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے اپنی جماعت رجسٹرڈ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا ہے،پیپلز پارٹی کی ناراض رہنما ناہید خان نے اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان کو اپنی جماعت کی رجسٹریشن کے لئے درخواست دی،جس کے ساتھ پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں،پارٹی صدر ناہید خان ، جبکہ سیکرٹری جنرل فیاض خان اور فنانس سیکرٹری کیلئے ابن رضوی کا نام دیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں ناہید خان کا کہنا تھا کہ صدر کے وکیل نے پیپلز پارٹی کو ایک این جی اوقرار دے کر اس سے اظہار لاتعلقی کرلیا ہے،انہوں نے اس حوالے سے پارٹی سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر کو خط بھی لکھا لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا،پارٹی کارکنوں کا یہ حق ہے کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کے نظریئے کو زندہ رکھنے کیلئے پارٹی رجسٹرڈ کرائیں، ناہید خان نے بتایا کہ پارٹی کے لئے تلوار کے ساتھ تیر کا انتخابی نشان بھی مانگا گیا ہے۔