پاکستان
04 مارچ ، 2013

عباس ٹاوٴن دھماکا:چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لے لیا

عباس ٹاوٴن دھماکا:چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لے لیا

اسلام آباد…چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کراچی بم دھماکوں میں ہلاکتوں کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کراچی کے علاقے عباس ٹاوٴن میں بم دھماکوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا ازخود نوٹس رجسٹرار کے اخباری تراشوں پر مشتمل نوٹ پر لیا ہے ۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیف جسٹس پاکستان کو نوٹ بھیجا کہ عباس ٹاوٴن میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکوں میں 45 سے زائد افراد جاں بحق اور 150سے زائد زخمی ہوئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔نو ٹ میں کہا گیا ہے کہ اخباری اطلاعات کے مطابق بم دھماکوں کے بعد شیعہ برادری کے افرادقانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے مختلف جگہوں پر مظاہرے کیے گئے اور ایم اے جناح روڈ پر بس کو بھی آگ لگا دی گئی جس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے۔ نوٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام امدادی کاموں کیلئے بروقت نہ پہنچ سکے کیو ں کہ وہ شہر میں ایک اعلیٰ شخصیت کی نجی تقریب میں پروٹوکول ڈیوٹی دے رہے تھے۔ سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق نوٹ میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکوں کی طرز پر اب کراچی میں ہونے والے واقعات آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں کوئٹہ میں ایسے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کی برطرفی اور سول انتظامیہ کی جگہ فوج بلانے کے مطالبات زور پکڑ گئے تھے۔ کراچی بم دھماکوں میں ہلاکتیں اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا اور یہ بنیادی حقوق کے آرٹیکل 9،14،23،اور 24کی خلاف ورزی ہے۔ سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے نوٹ کو آئینی درخواست میں تبدیل کرتے ہوئے سماعت 6 مارچ کو کراچی میں کرنے اور سندھ کے آئی جی اور ایڈووکیٹ جنرل کو جامع جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جستس نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ بادی النظر میں ریاست شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو گئی ہے تاہم مناسب ہو گا کہ متعلقہ حکام کا جواب سننے کے بعدضروری حکم جاری کیا جائے۔

مزید خبریں :