Time 12 فروری ، 2025
پاکستان

جسٹس عامر فاروق، جسٹس گل حسن کے اعزاز میں عشائیہ، پریزنٹیشن بھجوانے والے 5 ججز شریک نہ ہوئے

جسٹس عامر فاروق، جسٹس گل حسن کے اعزاز میں عشائیہ، پریزنٹیشن بھجوانے والے 5 ججز شریک نہ ہوئے
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے اعزاز میں عشائیہ ہوا جس میں ہائیکورٹ کے 8 ججز نے شرکت کی— فوٹو: رپورٹر

اسلام آباد ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ جانے والے 2 ججز کے اعزاز میں ضلعی عدلیہ کی جانب سے عشائیہ دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے اعزاز میں عشائیہ ہوا جس میں ہائیکورٹ کے 8 ججز نے شرکت کی۔ 

سینیارٹی کے معاملے پرپریزنٹیشن بھجوانے والے 5 ججز عشائیے میں شریک نہ ہوئے۔

تقریب سے خطاب میں سینیئر پیونی جج جسٹس سرفراز ڈوگر کا کہنا تھاکہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے، آپ کبھی کسی بھی مسئلے کےلیے میرے پاس آ سکتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ ڈسٹرکٹ کورٹس کے ججز کے 90 فیصد فیصلے ہائیکورٹ میں برقرار رہے، ضلعی عدلیہ کے ججز اچھا کام کر رہے ہیں، جیسے جسٹس ڈوگر نے کہا میرے دروازے بھی ہمیشہ آپ کے لیے کھلے رہیں گے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عشائیہ سے خطاب میں کہا کہ ضلعی عدلیہ انصاف کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ضلعی عدلیہ سے بھی اس مرتبہ ایک جج کو ہائیکورٹ کا جج بنایا گیا، اس سال اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ریکارڈ کیسز نمٹائے، مجھے آپ کے کام پر فخر ہے۔

جن ججز کی ترقی ہوئی ان کو مبارکباد، جن کی ترقی نہیں ہوئی وہ بھی مایوس نہ ہوں، آپ بہترین کام کر رہے ہیں، آپ کا وقت بھی آئے گا، ہم ججز سائلین کو قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں، میں اس سفر میں سپریم کورٹ جا رہا ہوں مگر آپ لوگ میرے دل میں ہیں، میرے دروازے بھی ہمیشہ آپ کے لیے کھلے رہیں گے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کو شیلڈ پیش کی۔

مزید خبریں :