21 فروری ، 2025
انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے چولستان منصوبے کو پانی فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
سیکرٹری ارسا نے پنجاب حکومت کو پانی دستیابی کا سرٹیفکیٹ ایک سال قبل جاری کیا تھا۔ ارسا کی جانب سے جاری سرٹیفکیٹ منظرعام پرآگیا۔
ذرائع کے مطابق ارسا کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت دریائے ستلج سلیمانکی ہیڈورکس سے چولستان کینال نکالے گی۔
ارسا حکام نے بتایاکہ چولستان منصوبے کیلئے 4 لاکھ 50 ہزار ایکڑفٹ پانی دستیاب ہوگا۔
دوسری جانب ارسا کے سندھ سے ممبر احسان لغاری نے فیصلے پر اختلافی نوٹ لکھا ہے۔ ممبر ارسا نے لکھاکہ سیکرٹری ارسا کی جانب سے چولستان منصوبے کو پانی کی فراہمی کی منظوری سے متفق نہیں، سیکرٹری ارسا کا پنجاب حکومت کو پانی دستیابی کا سرٹیفکیٹ دینا سندھ سے ناانصافی ہے۔
ممبر ارسا سندھ کا مزید کہنا تھاکہ چولستان منصوبہ کو پانی فراہمی سے دریائے سندھ کا پانی کم ہوگا، سیکرٹری ارسا نے جس پانی کی دستیابی کا ذکر کیا ہے، یہ صرف دریائے ستلج کا نہیں ہے، سلیمانکی ہیڈ ورکس سے لنک کینال کے ذریعے پانی لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چولستان میں 'گرین پاکستان' منصوبے کا آغاز کیا گیا اور تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔
گرین ایگری مال اینڈ سروس کمپنی، اسمارٹ ایگری فارم، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز کا افتتاح کیا گیا۔ گرین ایگری مال اینڈ سروسز کمپنی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات فراہم کرے گی۔
دوسری جانب صوبہ سندھ میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف مختلف جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔