27 فروری ، 2025
اگر آپ بہت زیادہ مقدار میں چینی یا نمک استعمال کرنے کے عادی ہیں تو اس کے نتیجے میں معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
یہ انتباہ برازیل میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
واضح رہے کہ معدے کا کینسر سرطان کی 5 ویں سب سے عام قسم ہے جبکہ اموات کے لحاظ سے یہ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
تمباکو نوشی، معدے کے ورم اور موٹاپے کو بھی اس کا خطرہ بڑھانے والے عناصر میں شامل کیا جاتا ہے۔
اب اس کینسر کے پھیلاؤ کی ایک اہم وجہ کو دریافت کیا گیا ہے اور وہ ہے چینی اور نمک کا زیادہ استعمال۔
جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ناقص غذائی عادات جیسے میٹھے مشروبات اور نمک سے بھرپور فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ غذاؤں میں چینی کے زیادہ استعمال سے معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 7 سے 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح اگر چینی کے ساتھ نمک کی زیادہ مقدار کا استعمال کیا جائے تو رسولی کی نشوونما تیز ہو جاتی ہے۔
اس تحقیق میں 1751 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔
ان افراد میں کینسر کے شکار افراد سمیت صحت مند افراد بھی شامل تھے۔
تحقیق کے دوران ان افراد سے غذائی عادات سے متعلق سوالنامے بھروائے گئے اور دیکھا گیا کہ غذاؤں سے معدے کے کینسر کے خطرے میں کس حد تک اضافہ یا کمی آتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ نمک کا زیادہ استعمال معدے میں ورم بڑھاتا ہے جس سے ایسے بیکٹیریا کی تعداد بڑھتی ہے جو کینسر سمیت مختلف امراض کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
اس سے قبل مئی 2024 میں میڈیکل یونیورسٹی آف ویانا کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ غذا میں اوپر سے نمک چھڑکتے ہیں، ان میں معدے کے کینسر کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق سے ماضی کی تحقیقی رپورٹس کی بھی تصدیق ہوتی ہے جن میں نمک کے زیادہ استعمال اور معدے کے کینسر کے درمیان تعلق دریافت کیا گیا تھا۔
اس تحقیق کے لیے برطانیہ بھر سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جو 2006 سے 2010 کے درمیان اکٹھا کیا گیا تھا۔
ان افراد سے غذائی عادات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئی تھیں اور یہ پوچھا گیا تھا کہ وہ اپنی غذا پر اوپر سے نمک چھڑکتے ہیں یا نہیں۔
اس کے بعد ان افراد کے ڈیٹا کا موازنہ کینسر کے مریضوں کے پیشاب کے نمونوں میں نمک کی مقدار سے کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد اکثر غذا پر اوپر سے نمک چھڑکتے ہیں، ان میں معدے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 39 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔