04 مارچ ، 2025
عام طور پر سفید سرکے کا استعمال زیادہ عام ہوتا ہے مگر سیب کا سرکہ صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتا ہے۔
سیبوں، خمیر اور دیگر اجزا سے تیار ہونے والا یہ سرکہ پکوانوں، سلاد، اچار اور دیگر متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
اگر آپ اس کا استعمال عادت بنالیں تو یہ کسی ہیلتھ سپلیمنٹ سے زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں متعدد مرکبات اور غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔
اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
ذیابیطس ٹائپ 2 ایک دائمی مرض ہے جس کے شکار افراد میں بلڈ شوگر کی سطح بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ہمارا جسم انسولین نامی ہارمون کو استعمال نہیں کرپاتا، یہ ہارمون بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کا کام کرتا ہے۔
مختلف شواہد کے مطابق سیب کے سرکے کے استعمال سے بلڈ شوگر کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ سیب کے سرکے کے روزانہ استعمال سے کچھ ہفتوں کے اندر بلڈ شوگر کی سطح میں کمی آتی ہے۔
سیب کا سرکہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس میں موجود تیزابیت سے کھانے کی اشتہا گھٹ جاتی ہے جبکہ میٹابولزم افعال بہتر ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ سرکہ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور کھانا ہضم ہونے کا عمل بہتر ہو جاتا ہے۔
بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں اضافے سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے، ویسے تو یہ چربیلا مواد کچھ مقدار میں جسم کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
مگر جب اس کی مقدار بہت زیادہ بڑھ جائے تو فالج، ہارٹ اٹیک اور دیگر سنگین مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
مگر سیب کے سرکے کا استعمال کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاسکتا ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیب کے سرکے کے استعمال سے کولیسٹرول کی سطح میں کافی حد تک کمی آتی ہے۔
اگر برش کرنے سے بھی سانس کی بو ختم نہیں ہورہی تو سیب کے سرکے کو استعمال کرکے دیکھیں۔
سیب کے سرکے سے کلیاں کریں یا ایک چائے کا چمچ پانی میں ملا کر پی لیں تاکہ بو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کا خاتمہ ہوسکے۔
اس بیکٹیریا کے خاتمے سے سانس کی بو پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
سیب کے سرکے کو خشک جِلد اور چنبل سے نجات کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ہماری جِلد میں کسی حد تک تیزابیت موجود ہوتی ہے مگر چنبل کے شکار افراد میں تیزابیت کی کمی ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سیب کے سرکے کے استعمال سے تیزابیت کی قدرتی سطح کو بحال کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جانوروں پر ہونے والے تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا کہ سیب کے سرکے میں موجود ایسٹیک ایسڈ سے پیٹ او رکمر کے اردگرد جمع ہونے والی چربی کو گھلانے میں مدد ملتی ہے۔
اسی طرح موٹاپے کے شکار افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں بھی یہی بات سامنے آئی۔
ماہرین کے مطابق تحقیقی نتائج حوصلہ افزا ہیں مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
سیب کا سرکہ گھر میں موجود جراثیموں کا خاتمہ بھی کرتا ہے، اگر اس سے فرش یا مختلف جگہوں کی صفائی کی جائے تو یہ صحت کے لیے نقصان دہ متعدد جراثیموں کا خاتمہ کر دیتا ہے۔
سیب کے سرکے سے غرارے کرنے سے دانتوں پر جمے داغوں کو صاف کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ سرکہ منہ اور مسوڑوں میں موجود بیکٹیریا کو بھی ختم کرتا ہے۔
غراروں کے بعد دانتوں کو معمول کے مطابق برش کریں۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔