Time 02 اپریل ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

چیٹ جی پی ٹی کے وائرل جیبلی امیج فلٹر کو استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

چیٹ جی پی ٹی کے وائرل جیبلی امیج فلٹر کو استعمال کرنے کا طریقہ جانیں
اس کو استعمال کرنے کا طریقہ بہت آسان ہے / فوٹو بشکریہ چیٹ جی پی ٹی

گزشتہ چند دنوں کے دوران انٹرنیٹ پر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کے نئے امیج جنریٹر فلٹر نے لوگوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کا یہ امیج فلٹر حقیقی تصاویر کو جاپان کے مشہور انیٹمیٹڈ فلمیں بنانے والے اسٹوڈیو جیبلی کے انداز کی انیمیٹڈ شکل میں بدل دیتا ہے۔

کچھ دن تک یہ فیچر چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو دستیاب تھا مگر اب اس اے آئی سروس کو مفت استعمال کرنے والے بھی ایسی تصاویر تیار کروا سکتے ہیں۔

مگر چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والوں کو محدود تصاویر تیار کرانے کی اجازت ہوگی۔

اگر آپ بھی اس طرح کی منفرد تصاویر تیار کرنا چاہتے ہیں تو اس کا طریقہ زیادہ مشکل نہیں۔

ویسے تو ایکس (ٹوئٹر) کے گروک یا گوگل جیمنائی اے آئی چیٹ بوٹس کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے مگر چیٹ جی پی ٹی کی تصاویر زیادہ بہترین ہوتی ہیں۔

جیبلی اسٹائل کی تصاویر تیار کرنے کا طریقہ جانیں

اس مقصد کے لیے پہلے چیٹ جی پی ٹی کی ویب سائٹ یا ایپ کو اوپن کریں۔

وہاں نیچے موجود + سائن پر کلک کرکے اپنی پسند کی تصویر کو اپ لوڈ کریں۔

اس کے بعد turn this image in Studio Ghibli theme لکھیں اور پھر سینڈ بٹن پر کلک کریں۔

ایسا کرنے کے بعد کچھ دیر میں چیٹ جی پی ٹی اس تصویر کو جیبلی اسٹائل میں تبدیل کر دے گا جسے آپ ڈاؤن لوڈ کرکے کہیں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

تو مفت صارفین کتنی تصاویر تیار کروا سکتے ہیں؟

ویسے تو اوپن اے آئی کی جانب سے اس کا اعلان نہیں کیا گیا مگر کچھ رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کو مفت استعمال کرنے والے افراد ایک دن میں 3 جیبلی اسٹائل تصاویر حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :