21 مئی ، 2025
انگلش ایسی زبان ہے جس میں الفاظ کے لکھنے اور بولنے کے تلفظ میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صرف اردو یا دیگر زبانیں بولنے والے بیشتر افراد کے لیے انگلش بولنا یا سمجھنا مشکل ہوتا ہے۔
خاص طور پر آن لائن اگر آپ کسی سے آڈیو یا ویڈیو چیٹ کرتے ہیں اور دوسرا فرد صرف انگلش بولتا ہے اور آپ کے لیے اس کی بات سمجھنا مشکل ہے تو اب گوگل آپ کی مدد کرے گا۔
جی ہاں گوگل کی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کمپنی نے کچھ ایسا متعارف کرایا جو آن لائن رابطوں میں زبان سے عدم واقفیت سے پیش آنے والی مشکلات کا حل ثابت ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے گوگل میٹ کے لیے رئیل ٹائم اسپیس ٹرانسلیشن فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو جیمنائی اے آئی پر مبنی ہوگا۔
تصور کریں کہ آپ کسی ویڈیو کال کا حصہ بنتے ہیں، وہاں کوئی فرد انگلش یا اسپینش زبان بول رہا ہے اور آپ اردو میں بات چیت کر رہے ہیں، مگر آپ دونوں کو ایک دوسرے کے الفاظ اپنی زبان میں سنائی دیں گے، یہاں تک کہ آواز، ٹون اور جذباتی تاثرات بھی بدستور موجود ہوں گے۔
کم از کم گوگل کا تو یہی دعویٰ ہے کہ اس کا نیا فیچر یہ ممکن بنائے گا، یعنی سب ٹائٹل یا روبوٹیک وائس اوور کی بجائے بات چیت کے دوران زیادہ اچھا انسانی تجربہ محسوس ہوگا۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے کانفرنس کے دوران فیچر کا لائیو مظاہرہ بھی کیا جس میں ایک انگلش بولنے والا فرد ایک اسپینش بولنے والے سے بات چیت کر رہا تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ اے آئی فیچر نہ صرف رئیل ٹائم میں الفاظ کا ترجمہ کرتا ہے بلکہ بولنے والے کی آواز کے قدرتی ردہم اور دیگر خصوصیات کو بھی برقرار رکھتا ہے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ دونوں افراد ایک ہی زبان میں بات کر رہے ہیں۔
یہ فیچر فی الحال انگلش اور اسپینش زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے اور گوگل اے آئی پرو اور الٹرا کے سبسکرائبرز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق جلد مزید زبانوں کی سپورٹ کا اضافہ کیا جائے گا اور دیگر صارفین کو بھی اس تک رسائی دی جائے گی۔