21 مارچ ، 2013
پشاور … اسپیشل جج اینٹی کرپشن کی عدالت نے مویشیوں کی افغانستان اسمگلنگ کیس کی سماعت کے دوران خیبرایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ اسپیشل جج اینٹی کرپشن جسٹس سید یحییٰ زاہد گیلانی کی عدالت میں مویشیوں کی افغانستان اسمگلنگ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اس موقع پر خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر انعام غنی کو انکوائری افسر مقرر کردیا ہے۔ دوسری جانب فاٹا سیکریٹریٹ میں ڈیڑھ ارب روپے سے زیادہ کرپشن کیس کی بھی سماعت اسپیشل جج اینٹی کرپشن کی عدالت میں ہوئی۔ جس میں عدالت نے فاٹا سیکریٹریٹ کے ایڈیشنل سیکریٹری کو یکم اپریل تک ایک ارب 60 کروڑ روپے کے اخراجات کی تفصیلات اور ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔