22 مارچ ، 2013
جعفرآباد…جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ الہ یار میں دھماکے سے 7افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے،زخمیوں میں 15 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ الہ یار میں پرانا بس اڈے کے ساتھ ہی واقع بازار میں لوگ خریداری میں مصروف تھے۔اس دوران اچانک زور دار دھماکا ہوا، دھماکے میں متعدددکانوں کو نقصان پہنچا۔ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ کچھ دکھائی نہیں دیا،ہر طرف افرا تفری تھی۔ ڈی پی او جعفر آباد ذوالفقار علی کے مطابق دھماکا خیز مواد رکشے میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا ڈیرہ الہ یار کے کوئٹہ روڈ قومی شاہراہ پر ایک رکشہ میں دھماکہ خیز مواد نصب کرکے شاہراہ کے اوپر ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکہ کیا گیا۔دھماکے کے بعد ڈیرہ الہ یار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ شدید زخمیوں کو کوئٹہ، لاڑکانہ اور جیکب آبادکے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔