05 مارچ ، 2012
اسلام آباد … سینیٹ میں ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اے این پی نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان سے اے این پی کے نومنتخب سینیٹر داوٴد خان اچکزئی کو سینیٹ کی ڈپٹی اسپیکر شپ کا عہدہ دیا جائے دوسری جانب پیپلزپارٹی بلوچ قوم کا احساس محرومی دور کرنے کیلئے بلوچ قومیت سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگ ق کی روبینہ عرفان کو ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ دینے پر اصرار کر رہی ہے۔ جبکہ اے این پی کا اصرار ہے کہ بلوچستان کو ڈپٹی اسپیکر شپ کا عہدہ قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ بلوچستان سے تعلق رکھنے کی بنیاد پر دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق عہدوں کی تقسیم پر اختلافات دور کرنے کیلئے آج ایوان صدر میں اتحادی جماعتوں کے رہنماوٴں کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔