پاکستان
05 مارچ ، 2012

بینظیرقتل کیس : مشرف کے گھر پرجواب دہی نوٹس چسپاں کرنیکاحکم

بینظیرقتل کیس : مشرف کے گھر پرجواب دہی نوٹس چسپاں کرنیکاحکم

اسلام آباد … سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے قتل کیس کی دوسری ایف آئی آر درج کرنے کے مقدمہ میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے گھر پر جواب دہی نوٹس چسپاں کرنیکا حکم دیا ہے جبکہ پنجاب پولیس نے دوسری ایف آئی آر درج کرنے کی مخالفت کی ہے۔ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ نامزد فریقین پرویز مشرف اور بابراعوان کو بھیجے گئے جواب دہی نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے وکیل ملک سے باہر ہیں۔ عدالت نے پرویزمشرف کے گھر پر نوٹس چسپاں کرنے اور بابراعوان کو اٹارنی جنرل کے ذریعے نوٹس بھیجنے کا حکم دیا۔ فریقین پولیس آفیسرز سعود عزیز، خرم شہزاد اور یاسین فاروق کو بذریعہ آئی جی پنجاب نوٹس بھیجنے کا حکم بھی دیا گیا۔ راولپنڈی کے سی پی اور ڈی پی او پولیس کی طرف سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے جواب داخل کیا۔ اس کے مطابق قتل کیس کا پہلے ہی مقدمہ درج ہے، اور اس کا چالان بھی پیش کیا جاچکا ہے۔ اپیل کنندہ اسلم چوہدری واقعہ کے متاثرہ فریق نہیں ہیں، اس لئے دوسری ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہوسکتا۔ ایف آئی اے نے اس مقدمہ میں فریق بننے کی درخواست دی تو عدالت نے اسے منظور کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔

مزید خبریں :