05 مارچ ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے 9 مارچ کواحتجاج کیا جائے گا۔ منصورہ سے جاری اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بہت ہی سنگین ہیں اور مسائل حل نہ ہونے پر تلخی اور غصے میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر حکومت کا رویہ نہایت غیر ذمے دارانہ اور غیر سنجیدہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن جس صورت میں بھی جاری ہے اسے فوری بند کیا جائے اور سپریم کورٹ کا کمیشن تشکیل دیکر مسخ شدہ لاشوں، سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور قتل و غارتگری کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے۔