25 اپریل ، 2013
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی نے جماعت اسلامی کی جانب سے پشاور کی ایک جامع مسجدمیں سیاسی جلسے کو الیکشن کمیشن کے قوائد وضوابط کے منافی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختون خوا کے ترجمان ملک غلام مصطفی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے اسپین جماعت کے اندر جلسہ کرکے الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں عبادت کی جاتی ہے۔ لہٰذا کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے مساجد کو سیاست کے لئے استعمال کرنا نامناسب ہے۔ ترجمان اے این پی کے مطابق الیکشن کمیشن نے تما م سیاسی جماعتوں پر مساجد میں سیاسی اجتماعات منعقد کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ اے این پی کے صوبائی ترجمان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سپین جماعت میں جماعت اسلامی کے سیاسی اجتماع کا نوٹس لیا جائے۔