پاکستان
25 اپریل ، 2013

نگراں وزیراعظم پر امن انتخابات کیلئے کردار ادا کریں، عبدالغفور حیدری

نگراں وزیراعظم پر امن انتخابات کیلئے کردار ادا کریں، عبدالغفور حیدری

کوئٹہ … جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکر یٹر ی جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں انتخابات کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہے، نگراں وزیر اعظم صاف و شفاف اور پر امن انتخا با ت کے انعقاد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں منعقدہ اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ملک کا آئین بنانے والوں نے 65سالوں میں عوام کو کچھ نہیں دیاہر دور میں قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹاگیا، امیر امیر سے امیر تر اور غر یب، غریب سے غریب تر ہوتا گیا لیکن کسی نے اس کی کوئی پروا نہیں کی۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ہم اقتدار میں ایسی اسلامی فلاحی ریاست تشکیل دیں گے جہاں امن ہوگا، جہاں لو گوں کو ان کا حق ملے گا ،اسلامی قوانین ہوں گے اور اسی میں سب کی بقاء ہے۔ انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جس فول پروف سیکیورٹی کی بات کی تھی وہ نظر نہیں آرہی ہے، سیا سی قائدین کے گھر اور انتخابی دفاتر محفوظ نہیں ہیں، وہاں دھماکے کئے جا رہے ہیں، ان کے تدارک کیلئے حکومت فوری عملی اقدامات کرے۔ مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حمد اللہ، مولوی اسحاق ذاکر و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کا سیاست سے گہرا تعلق ہے، انتخابات کیلئے تمام سیاسی کارکن تیار رہیں ہم ووٹ کے ذریعے تبدیلی لائیں گئے نگراں حکومت صوبے میں پرامن انتخا با ت کے انعقاد کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی عمل سبو تاژ کرنے والی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، آئندہ انتخا با ت میں کامیابی کے بعد بااختیار حکومت تشکیل دیں گے، عوام ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کراچی میں قومیتوں کے نام پر ووٹ حاصل کئے گئے جس نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، 5 سال میں 9 ہزار لوگ لقمہ اجل بنے لیکن اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، ہماری جماعت ایک ملک گیر جماعت ہے اور ہم ایسے ہرقسم کے ہتھکنڈوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں :