25 اپریل ، 2013
گجرات… مسلم لیگ کے ق مرکزی رہنما چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کیلئے دہرے ووٹ کا حق، گرجا گھروں کی مرمت تاریخی کام ہیں، شہبازشریف نے جوزف کالونی کے متاثرین کو جو چیک دیئے وہ آج تک کیش نہیں ہوئے، عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں۔ چودھری پرویز الہی گجرات کے حلقہ این اے 105 میں اقلیتی برادری کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے اصولوں اور قول کے مطابق اقلیتوں کو پہلی بار دوہرے ووٹ کا حق مسلم لیگ ق نے لے کر دیا۔ بطور وزیراعلی پنجاب ایف سی کالج سمیت 50 مشنری ادارے اقلیتوں کو واپس کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کالج کو اس کی اصل شکل میں لانے کیلئے 40 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے ۔ پنجاب میں اقلیتوں کیلئے وزارت اور ملازمتوں میں کوٹہ دینے کا سلسلہ بھی ان کے دور میں شروع۔ انہوں نے کہاکہ نواز، شہباز کو عوام نے 3 بار موقع دیا ان کی ناقص کارکردگی سب کے سامنے ہے ۔