پاکستان
05 مئی ، 2013

متحدہپر حملوں اور انتخابی مہم سے روکنے کے خلاف امریکہ میں مظاہرے

متحدہپر حملوں اور انتخابی مہم سے روکنے کے خلاف امریکہ میں مظاہرے

واشنگٹن ڈی سی…پاکستان میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفاترپر طالبان کے حملوں اور حق پرست امید وار و کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ سمیت روشن خیال سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے ذریعے انتخابی مہم سے روکنے کے خلاف ایم کیو ایم امریکہ کے زیر اہتمام واشنگٹن ڈی سی، نیو یارک، شکاگو، ہیوسٹن، فورٹ لانڈرڈیل، اٹلانٹا، لاس اینجلس، سانفرانسسکو اور ہوائی میں بڑے احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔واشنگٹن ڈی سی میں وہائٹ ہاوس، نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ،لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ اور اٹلانٹا میں امریکہ کے سی این این دفتر کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ سینٹرل آرگنائزر محمد ارشد حسین، سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین، چیپٹر انچارجزاور کارکنان و ہمدردوں کے ساتھ قریبی ریاستوں سے آئے ہوئے پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی انتخابات کو پر امن ، صاف اور شفاف بنانے کے حق میں کئے جانے والے ان مظاہروں کی پاکستانی میڈیا کے ساتھ امریکن میڈیا کے نمائندوں نے بھی کوریج کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان اور ایم کیو ایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلسل ایم کیو ایم پر طالبان کے د ہشت گردحملوں، اعتدال پسند اور روشن خیال جماعتوں کو ان کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم رکھنے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ طالبان کے ذریعے پاکستان میں حقیقی جمہوری قوتوں کا راستہ روک کر دراصل پاکستان کو انتہاء پسندوں اور دہشت گرد ٹولے کے حوالے کیا جا رہا ہے، پاکستان کی لبرل اور پروگریسو جماعتوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کو جہالت ، تاریکی، تباہی اور بربادی کے راستے پر دھکیلا جا رہا ہے جس کی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے پر انتہائی ہولناک اثرات مرتب ہوں گے، عالمی برادری روشن خیال جماعتوں کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی گھناؤنی سازش کا نوٹس لے اور پاکستان میں دیرپا امن، شفاف انتخابات اور جمہوری استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔شکاگو میں مظاہرین سے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے خطاب کیا اور ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والی سازشوں اور دہشت گرد کاروائیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان بھر کے حق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو ایم کیو ایم کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلا کر انتہاء پسند ایجنڈے کو ملک پر مسلط کرنے کی سازش ناکام بنا دیں ۔

مزید خبریں :