05 مئی ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے معصوم ، پرامن اور نہتے عوام پر طالبان جارحیت اور بم دھماکوں کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں کامیاب اورپرامن یوم سوگ منانے اور ہرقسم کی سرگرمیاں معطل رکھنے پر تاجروں ، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز، محنت کشوں اورزندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم اور دیگر لبرل جماعتوں کے خلاف دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے خلاف تاجروں ، صنعتکاروں ، ٹرانسپورٹرزاور عوام نے مثالی اتحاد کامظاہرہ کرکے پرامن اور کامیاب یوم سوگ منایاجوکہ سفاک دہشت گردوں کے خلاف عوامی ردعمل کامنہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہاکہ سندھ بھر کے عوام نے ایم کیوایم کے کارکنان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرکے سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں پر واضح کردیا ہے کہ قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے ذریعہ نہ تو حق پرست عوام کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں اورنہ ہی انہیں حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کی اپیل پر یوم سوگ کو کامیاب بنانے اور حق پرست شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کرنے پرکراچی سمیت ملک بھرکی ایک ایک ماں ، بہن، بیٹی ، بزرگ، نوجوان ، طلباوطالبات، بالخصوص تاجروں، صنعتکاروں،ٹرانسپورٹروں کی تنظیموں،دکانداروں،محنت کش اور زندگی کے دیگر شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگرافراد کو دل کی گہرائیوں سے سلام تحسین پیش کیا۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن طارق جاوید نے کہاہے کہ جو عناصر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ انہوں نے صرف کرکٹ ہی نہیں کھیلی بلکہ ایٹمی دھماکے بھی کیے ہیں، وہ قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ایک بیان میں طارق جاوید نے کہاکہ مکروفریب اور کھوکھلے دعوے کرنے والے قوم کو بے وقوف بنارہے ہیں اورانہیں قوم سے جھوٹ بولتے ہوئے شرم تک نہیں آتی ۔ان دھوکہ باز عناصر نے آج بھی قوم کو اپنا ہاری ، کسان اور مزدورسمجھ رکھا ہے کہ جب چاہا انہیں اپنی بھٹی میں جھونک دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے باشعور عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایٹمی دھماکے کہوٹہ کے سائنس دانوں نے مسلح افواج کے ساتھ مل کرکئے اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ۔ملک بھر کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ،ان کھوکھلے دعوے کرنے والوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، ایٹمی دھماکے کرنے کی جرات رکھنے والے صرف جیل سے رہائی کی خاطر معافی نامے لکھ کرمعافی کے خواستگار نہیں ہوتے ۔ نہ ہی معافی مل جانے کے بعد اپنے کارکنوں کو چھوڑ کر رات کی تاریکی میں خاموشی سے تمام مال ومتاع ، سونا چاندی، روپیہ پیسہ اپنے خاندان اور نوکروں کی فوج کے ساتھ بیرون ملک فرار ہوتے ہیں۔