پاکستان
07 مئی ، 2013

الطاف حسین کا شفقت محمود سے رابطہ عمران خان کی جلد صحتیابی کی دعا

 الطاف حسین کا شفقت محمود سے رابطہ عمران خان کی جلد صحتیابی کی دعا

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے منگل کی شب تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں شفقت محموداور ڈاکٹر عارف علوی سے فون پر گفتگو کی اور ان سے تحریک انصاف کے سربراہ عمر ان خان کی خیر یت دریافت کی۔ الطاف حسین نے کہا کہ اس دلخراش اور افسوسناک حادثے پر میں تحریک انصاف کے ایک ایک رہنماء کارکن ہمدرد اور عمران خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں او رتمام پاکستانیوں سے اپیل کر تا ہوں کہ وہ قوم کے ہیرو اور قومی لیڈر عمران خان کی صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو جلداز جلد صحت دے تاکہ وہ دوبارہ اپنی جماعت کی رہنمائی اور قیادت کرنے کے لئے جلد ازجلد میدان میں آسکیں۔ شفقت محمود نے اس موقع پر ہمدردی اور بھر پور یکجہتی کرنے الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس سے قبل الطاف حسین نے ڈاکٹرعارف علوی کو بتایا کہ وہ منگل کی شام پنجاب کے چار شہروں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے والے تھے کہ انہیں یہ دلخراش اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے تمام جلسو ں سے اپنا خطاب منسوخ کرتے ہوئے حاضرین سے معذرت کرکے ان سے صرف یہ اپیل کی وہ عمران خان کی صحت کاملہ کیلئے دعا کریں۔ ڈاکٹرعارف علوی نے الطا ف حسین کی جانب سے اپنے عوامی خطابات ملتوی کرنے اور عمران خان کی دعائے صحت کیلئے قوم سے اپیل کرنے پران کا شکریہ ادا کیا اورانہیں عمران خان کی صحت کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثناء الطاف حسین نے حیدرآبادمیں لبرٹی چوک پر مسلح دہشت گردوں کی وحشیانہ فائرنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے جس میں ایم کیوایم کے دوکارکنان شہیدجبکہ دوکارکنوں اورچارہمدردوں سمیت چھ افرادشدیدزخمی ہوگئے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے یہ کارکنان اورہمدرد لبرٹی چوک کے نزدیک ایم کیوایم کی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف تھے کہ تین موٹرسائیکلوں پرسوارچھ مسلح افرادنے ان پراندھادھندفائرنگ شروع کردی جسکے نتیجے میں چھ کارکنوں سمیت آٹھ افرادشدیدزخمی ہوگئے جن میں سے اسلم اوراعظم نامی کارکنان کچھ دیربعدزخموں کی تاب نہ لاکر شہیدہوگئے۔الطاف حسین نے عوام بالخصوص ایم کیوایم کے تمام کارکنوں اورہمدردوں سے ایک مرتبہ پھر محتاط اورچوکنارہنے کی اپیل کی اوران سے کہاکہ وہ ایسی جگہوں پر بیٹھنے سے گریز کریں جہاں دہشت گردانہیں باآسانی سے نشانہ بناسکتے ہوں، اپنے علاقوں میں آنے والی مشکوک گاڑیوں اورمشتبہ عناصر پر کڑی نظررکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طورپرپولیس اورانتظامیہ کودیں۔ الطا ف حسین نے اسلم اور اعظم شہیدکے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ میں دعاگوہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہیدساتھیوں کی مغفرت فرمائے اورہم سب کویہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے ۔

مزید خبریں :