پاکستان
09 مئی ، 2013

این ای ڈی کے سابق وائس چانسلرابوالکلام کے انتقال پر الطاف حسینکی تعزیت

 این ای ڈی کے سابق وائس چانسلرابوالکلام کے انتقال پر الطاف حسینکی تعزیت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے این ای ڈی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر انجینئر ابوالکلام کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ انجینئر ابوالکلام مرحوم نے علم خصوصاً انجینئرنگ کے شعبے میں بہت کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں اور ان کی علم دوستی کے طفیل آج ہزاروں طلباء جدید علوم سے فیض یاب ہورہے ہیں ۔ انہوں علم کے فروغ کیلئے یونیورسٹی میں مختلف شعبوں کا قیام عمل میں لانے اور این ای ڈی یونیورسٹی کو صف اول کی حیثیت دلانے کیلئے انتھک محنت اور کاوشیں کرنے پر مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے مرحوم کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطا کرے ۔ (آمین)۔دریں اثناء الطاف حسین نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں آزادانہ ،شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے۔ یہ مطالبہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنمااورسابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹررحمان ملک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے رحمان ملک سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغواء اورمتعدد افراد کے ہلاک وزخمی ہونے کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پے درپے دہشت گردی ، قتل وغارتگری اور امیدواروں کے اغواء کے واقعات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پورے ملک پر مذہبی انتہاء پسندوں کاقبضہ ہوچکا ہے اور سفاک دہشت گردوں کو روکنے والا کوئی نہیں ہے ۔رحمان ملک نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بعض قوتیں دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے ذریعہ ایسے حالات پیدا کرنے کی سازش کررہی ہیں کہ ملک کی لبرل اور جمہوریت پسند جماعتیں انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوجائیں۔انہوں نے علی حیدرگیلانی کے اغواء اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو شہید وزخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت پر الطاف حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں :