08 مارچ ، 2012
کراچی … سندھ بھر میں ہندو برادری کے تہوار ہولی کی تقریبات جوش وخروش سے شروع ہوگئی ہیں۔ مندروں میں عبادت کا خصوصی اہتمام کے ساتھ ساتھ بچے ،بڑے اور خواتین ایک دوسرے پر رنگ پھینک کراورگھروں میں طرح طرح کی مٹھائیاں بنا کرتہوار کی خوشیاں دوبالا کرتے ہیں۔کراچی کے سوامی نارائن مندر میں ہندوٴں کے تہوار ہولی کی تقریبات شروع ہوئیں تو ہر طرف جشن کا سماع تھا۔کسی نے اپنے ساتھی کے رنگ لگاکر ہولی کا آغاز کیا تو کسی نے مٹھائی کھلاکر خوشی منائی۔جوانوں نے جہاں بھنگڑے ڈالے اور ڈانس کیا تو وہاں بڑھے بوڑھے اور بچے بھی ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہوئے۔ہندو مذہب کے ماننے والے ایک بادشاہ کے ظلم خلاف اس کے بیٹے کی بغاوت اور ظلم سے نجات کی فتح کے طور پر یہ تہوار مناتے ہیں۔ اندرون سندھ میں حیدرآباد میرپورخاص،سانگھڑ،کھپرو،بدین،گولاڑچی،مٹھی ،ڈیپلو،چھاچھرو،اسلام کوٹ ،عمرکوٹ ،سامارو،گھوٹکی ،سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد ،شکارپوراور نوابشاہ سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہندو برادری آزادانہ طور پریہ تہوار مناتی ہے۔ اس تہوار میں صرف ہندو برادری مندروں میں پوجا پاٹ کے خصوصی اہتمام کے ساتھ ساتھ گھروں میں خاص پکوان اور مٹھائیاں بنانے کا بھی اہتمام کرتی ہے ،اس کے علاوہ بالائی سندھ سے تعلق رکھنے والی بعض ہندو پنچایتوں نے ہولی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔