10 مئی ، 2013
کراچی…جمعیت علماء پاکستان اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یوم نکبہ کے عنوان سے جاری ”فلسطینیوں کی فلسطین واپسی “ کی مہم کے حوالے سے میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور سنہ1948ء میں فلسطینیوں کی سر زمین پر ہونے والے صیہونی غاصبانہ تسلط کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کو فلسطین واپس لایا جائے اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وجود کو غیر قانونی اور غاصب قرار دیا جائے۔شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ، صابر کربلائی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اقوام عالم فلسطین کی آزادی کے لئے سنجیدہ کردار ادا کرے۔