18 مئی ، 2013
کراچی…کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ این اے 250 میں الیکشن سے متعلق امن و امان کو کنٹرول رکھنے کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے عملے کی لاجسٹک سے متعلق تمام ضروریات پوری کرلی گئی ہیں۔جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ این اے 250 میں 43 پولنگ اسٹیشنز پر انتخابات سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات میں انہیں ہر تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے، الیکشن کمشنر سے مستقل رابطے میں ہوں اور یہ رابطہ نتائج آنے تک رہے گا۔ کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس نے اپنا اپنا سیکیورٹی پلان مرتب دیا ہے کہ جبکہ آرمی نے بھی ایک اگل سیکورٹی پلان مرتب کیا ہوا ہے۔، کوشش ہوگی کہ پولنگ کا عمل وقت پر شروع اور وقت پر ختم ہو۔ امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمشنر کراچی کا کہنا تھاکہ کل کلفٹن اور ڈیفنس میں لگنے والے اتوار بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ آرمی بیک کے طور پر موجود رہے گی اور اسکی پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعیناتی کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا۔